اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30اپریل کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔ الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق صدر مملکت نے پولنگ ڈے کے لیے اتوار کے دن کی منظوری دی ہے۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لیے 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔اسکے علاوہ، الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔
94