91

شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نےمحفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نےکی۔جج نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا آپ کےمطابق شیخ رشید عمران خان کے قتل کی سازش کاحصہ نہیں؟ اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا وہ جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، شیخ رشید کا بیان نشر ہونے سے دو روز قبل ہی مقدمہ درج ہوگیا تھا۔شیخ رشید کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کے سامنے بھی قتل ہوجائے تو مقدمہ اتنی جلدی درج نہیں ہوتا، پولیس نے خود انکوائری کی اور مقدمہ بھی درج کر دیا،

پولیس کو چاہیے تھا کہ شیخ رشید کا موقف لیتی اور اس پرقتل کی سازش کے حوالے سے تفتیش کرتی،لیکن الٹی گنگا بہہ گئی، عمران خان کا بیان حقیقت پرمبنی ہے، عمران خان کے خلاف قتل کی سازش ہو رہی جس پر مقدمہ نہیں بنایا جارہا، البتہ آصف زرداری کی بدنامی پر مقدمہ درج کردیا گیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے جسمانی ریمانڈ کے دوران پولیس کو کچھ برآمد نہیں ہوا، مقدمہ صرف سیاسی انتقام لینے کے لیے درج کیا گیا ہے، شیخ رشید سے اب کوئی تفتیش کی ضرورت نہیں اس لیے ان کی ضمانت منظور کی جائے، ہائی کورٹ نے بھی فیصلے میں مزید کسی کارروائی سے روک دیا ہے۔جج کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے اسپتال میں وزیر داخلہ کے خلاف بیان دیا، کیا شیخ رشید کے الزامات سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ نہیں؟وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آبادہائی کورٹ اس سے متعلقہ درخواست کو معطل کرچکی ہے، شیخ رشید نے دوران حراست بیان دیا اور دوران حراست بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ شیخ رشید دوران حراست اپنے جملوں سے بار بار مقدمے میں لگی دفعات کے مرتکب ہوتے رہے، شیخ رشیدکی جانب سے عمران خان کو قتل کرانےکا آصف زرداری کا بیان چھوٹا نہیں، آصف زرداری اور عمران خان کے بہت زیادہ فالوورز ہیں، شیخ رشید دو بڑے سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان سے سوسائٹی میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے، ہائی کورٹ نے صرف سمن کو معطل کیا تھا، شیخ رشید بہت مشکل سے گرفتار ہوئے، ضمانت ملی تو بھاگ جائیں گے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں