6 ستمبر 1965 کے شب کو ہمسائیہ ملک بھارت نے پاکستان کی بین الاقوامی سرحدوں پر اچانک حملہ کردیا۔ اس اچانک حملہ کے کرتے وقت بھارتی فوجی افسران نے اعلان کیا تھا
کہ وہ ناشتہ لاہور جم خانہ میں کریں گے لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے ارض پاک کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ نہ صرف دشمن کو لاہور کے مقام پر بی آر بی نہر سے آگے نہیں بڑھنے دیا بلکہ کئی کلومیٹر کا بھارتی علاقہ بھی پاکستان نے اپنے قبضہ میں لے لیا۔
اس سترہ روزہ جنگ میں بھارت اپنے مقاصد پورے نہیں کرسکا اور اقوام متحدہ کی مداخلت پر جنگ بندی ہوگئی۔ اس حملہ کو ناکام بنانے اور ارض پاک کے کامیاب دفاع پر اب ہر سال 6 ستمبر کو یوم دفاع منایا جاتا ہے
اس دن ملکی دفاع کے حوالہ سے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ شہداء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ملک بھر میں یوم دفاع کے موقعہ پر مختلف پروگراموں کا انعقاد روایتی انداز میں کیا جاتا ہے۔ انہی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سال تحصیل کلرسیداں میں بھی ان پروگرامات کا انعقاد ہوتا رہا ہے
البتہ اس برس چیف آفیسر بلدیہ کلرسیداں رفعت عباس پاشا نے اک نئی روایت کا آغاز کیا۔ رفعت عباس پاشا نے بلدیہ کلرسیداں کی جانب سے تحصیل بھر کے فوج و پولیس شہداء کے لواحقین کو تمغہ جات پیش کیئے
۔ علاؤہ ازیں بلدیہ کے دوران ملازمت وفات پانیوالے اہلکاروں کے لواحقین کو بھی تمغہ جات پیش کیئے۔ انکے ساتھ ساتھ طلباء، صحافیوں اور بلدیہ افسران و اہلکاروں کو حسن کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔ تہمید کچھ طویل ہوگئی۔ اب آتے ہیں احوال تقریب کی جانب۔ تقریب کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن مجید ونعت پاک سے کیا گیا جبکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیئے اک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی
۔ اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقریب کی نظامت صدر پریس کلب کلرسیداں شیخ ثاقب شبیر شانی نے انتہائی عمدہ انداز میں کی۔ مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد تقریب کے آغاز سے اختتام تک موجود رہے۔
پاک فوج کے 51 شہداء، پولیس کے 3 شہداء، ٹریفک پولیس کے 4 شہداء کے لواحقین کو تمغہ جات پیش کیئے گئے۔ بلدیہ کے 2 اور ایک پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ کی دوران ڈیوٹی وفات کے لواحقین بھی اس تقریب میں تمغہ حاصل کرنیوالوں میں شامل تھے۔
پنجاب پولیس کے غازی افسر ایس ڈی پی او سرکل کہوٹہ/کلرسیداں طاہر سکندر، ایس ایچ او کلرسیداں بشارت عباسی، پنجاب پٹرولنگ پولیس چوکی چوکپنڈوڑی کے انچارج عتیق کیانی، ٹریفک پولیس کے افسران راجہ عامر اور عمران نواب خان کو بھی اعلی کارکردگی پر خصوصی تمغہ جات سے نوازا گیا۔
تعلیمی میدان میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی طالبات شارقہ طلعت اور ملیحہ ناز بھی تمغہ حاصل کرنیوالوں میں شامل ہیں یاد رہے کہ شارقہ طلعت نے انٹرمیڈیٹ بورڈ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ شارقہ طلعت تحصیل کلرسیداں سے پہلی طالبہ ہیں جنہوں نے لڑکے لڑکیوں میں پہلی بار بورڈ کی کوئی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ملیحہ ناز نے تحصیل بھر میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر تمغہ حاصل کیا
۔ پریس کلب کلرسیداں شہر کے صدور شیخ ثاقب شبیر شانی اور دلنواز فیصل خان، پریس کلب چوکپنڈوڑی کے صدر راجہ راشد سلطان، پریس کلب چوآخالصہ کے ظفر مغل نے اپنے اپنے پریس کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے تمغہ حسن کارکردگی وصول کیئے
۔ علاؤہ ازیں بلدیہ افسران و اہلکاروں میں تمغہ ہائے حسن کارکردگی و شیلڈیں تقسیم کی گئیں۔ یہ تمغہ جات و شیلڈیں ایم پی اے راجہ صغیر احمد اور چیف آفیسر کلرسیداں رفعت عباس پاشا نے اپنے دست مبارک سے پیش کئیں۔ تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئیمہمان خصوصی راجہ صغیر احمد نے رفعت عباس پاشا کی شہداء کے لواحقین کے حضور پروقار تقریب کے انعقاد پر تعریف و توصیف کی اور کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کوئی نعم البدل نہیں لیکن زندہ قومیں اپنے شہیدوں و محسنوں کو ہمیشہ خوبصورت انداز میں یاد رکھتی ہیں۔ رفعت عباس پاشا نے اس موقعہ پر کہا
کہ وہ آئندہ بھی اہلیان کلرسیداں کے تعاون سے ایسی تقریبات منعقد کرتے رہیں گے اور ملک کی خدمت کرنیوالوں کی یاد تازہ کرکے ان کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔ بلدیہ میں پہلی بار اس نوعیت کی تقریب میں کچھ کمی بھی دیکھی گئی۔جیسے شہداء کی لسٹ نامکمل تھی اور لسٹ میں شامل تمام لواحقین کو اکٹھا نہیں کیا جاسکا۔ امید ہے کہ آئندہ کی تقریبات میں یہ کمی دور ہو جائے گی
۔ اس پروقار تقریب کے دوران دیگر انتظامات البتہ بہترین تھے۔ ہوا کا مناسب انتظام بروقت تمام شرکاء کو ٹھنڈا پانی پیش کیا گیا جبکہ ریفریشمنٹ کا بھی بہترین انتظام تھا۔ مہمانوں کے نشستوں کا اہتمام بھی خوبصورت طریقہ سے کیا گیا۔ اس تقریب میں بالخصوص توقیر احمد، زاہد حیدری اور سہیل شاہ، سب انجینیئر راجہ حسنین اور انکی ٹیم انتہائی فعال و متحرک رہی۔
تقریب کے اختتام پر عوامی واک کا اہتمام کیا گیا عوامی واک سے قبل تقریب تقسیم تمغہ جات کے اختتام پر شہداء کی بلندی درجات اور ملکی ترقی و استحکام کے لیئے خصوصی دعا کی گئی۔
واک کے بعد مہمان خصوصی ایم پی اے راجہ صغیر احمد، چیف آفیسر رفعت عباس پاشا، راجہ ثقلین، سردار آصف اور سرمد بٹ نے شہر کلرسیداں کے شہید سید حسن شاہ کی قبر پر پھول چڑھائے
اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب میں شہداء کے خانوادوں کے بزرگ والدین کے علاؤہ بچوں، دیگر رشتہ دار مردو خواتین کے علاؤہ تحصیل بھر کی سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔