وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری نیت نیک ہے،دین کے ساتھ اللہ کی مخلوق کی بھی خدمت کررہے ہیں۔ قوم کے بچوں کو بے راہ روی سے بچا کر صحیح سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔دین کی تعلیم سے ہی اچھی نسل پروان چڑھے گی۔ نئی جنریشن کی ترجیحات میں دین اولین ہونا چاہیے۔خاتم النبینؐ یونیورسٹی کا بل پاس ہو چکاہے۔ خاتم النبین ؐ یونیورسٹی کا مصر کی الازہر یونیورسٹی سے الحاق کیاجائے گا۔ نیتوں کا پھل ا للہ تعالیٰ دیتا ہے۔وہ آج 90شاہراہ قائداعظم پر تاجر برادری کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی مضبوطی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہماری حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 20سال کے دوران گجرات میں کوئی کام نہیں کیا۔شہباز شریف وزیراعظم بن کر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے۔ شہباز شریف نے سیرت اکیڈمی کو تالے لگوا کر ظلم کیا۔پی ڈی ایم کی کوئی پرواہ نہیں، صرف صوبے کے عوام کی خدمت پر توجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے وزارت ا علیٰ کا منصب دیاہے۔اللہ نہ دینا چاہے تو کچھ نہیں مل سکتا، اللہ دینا چاہے تو کوئی چھین نہیں سکتا۔ جتنا بھی وقت ہے، عوام کی خدمت او رمسائل کے حل پر لگائیں گے۔تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں، انشاء اللہ منصوبے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کم کرکے عوام کی ترقی پر لگا رہے ہیں۔ ڈویژنل لیول پرکینسر کے علاج،سرجری اور بچوں کے لئے جدید ترین مشینری مہیا کررہے ہیں۔محض اعلان کافی نہیں ہوتے، ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اصل بات ہے۔ 100 دنوں میں اتنا کام کیاجو10سال میں نہیں ہوا۔پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود،مہر محمد الیاس، امتیاز احمد شاکر، غیاث الدین پال، قاضی خالد سیف اللہ،ملک سرفراز، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سکندر اشفاق، پاٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد زاہد اور بڑی تعداد میں تاجر برادری نے تقریب میں شرکت کی
83