راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)صوبائی وزیر کلچر پنجاب خیال احمد کاسترو نے لوک ورثہ اسلام آباد میں یکم سے 7 نومبر تک جاری لوک میلہ میں پنجاب پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی وقار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد حسین بھی موجود تھے۔ خیال احمد کاسترو کو پنجاب پویلین میں آمد پر پنجاب کی روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ انہوں نے پنجاب پویلین میں بنائے گے حویلی کے ماڈل، سٹالز پہ رکھے گے آرٹ کے نمونوں اور دستکاری کی اشیاء میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پنجاب پویلین کو خوبصورتی اور بہترین انداز میں قائم کرنے اور سجانے پر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے افسران اور سٹاف کی تعریف کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کلچر پنجاب خیال احمد کاسترو نے کہا کہ جو قومیں اپنے کلچر اور تاریخ کو بھول جاتی ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں اور پنجاب کی حکومت وزیر اعلیٰ عثمان بزادر کے وژن کے مطابق پنجاب کے کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں پنجاب کلچر ڈے بھی منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کلچر کے ساتھ ساتھ فنکاروں اور دستکاروں کو بھی معاشی تحفظ دینے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے فنڈز کی کمی حائل نہیں ہونے دی جائے گی صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو نے کہا کہ لوک میلہ میں ملک کی تمام اکائیوں کے کلچر کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے ملکی وحدت کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کلچر اپنی رنگینی، فطرت کے قربت اور بے ساختگی کی وجہ سے پوری دنیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کے پنجاب پویلین میں پورے صوبے کے کلچر کو انتہائی خوبصورتی اور مہارت سے پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اپنی روایات سے جڑے ہوئے لوگ ہیں اور اپنے کلچر سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر کو پنجاب کے روایتی کھانے بھی پیش کئے گے۔
143