274

سی پی او نے تھانہ کلرسیداں کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے جمعہ کے روز تھانہ کلر سیداں کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا۔30 مرلے کے رقبے پر مشتمل ڈبل سٹوری بلڈنگ کی تعمیر پر 86ملین کی لاگت آئے گی جسے 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔تھانہ کلر سیداں کے احاطے میں انسپکٹر راجہ ثقلین شہید کے نام پر منسوب کئے گئے پارک پر نئی بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہے۔اس موقع پر سی پی او نے تھانہ کلر سیداں کی حدود میں جرائم کی شرح کے بارے میں ایس ایچ او سے پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ “سکون”ہے جس پر سی پی او نے کہا کہ اگر سکون ہے تو پھر نئی بلڈنگ کیوں بنوا رہے ہیں۔ایس ڈی او بلڈنگز ذیشان علی،گورنمنٹ کنٹریکٹر چوہدری جاوید اور سب انجینئر محمد منیر نے اس موقع پر بلڈنگ کے حوالے سے سی پی او کو بریفینگ دی جس پر سی پی ا و نے ایس ڈی او پر واضح کیا کہ بلڈنگ مقررہ مدت میں ہی مکمل ہونی چاہئے اور کہا کہ بلڈنگ کی تعمیر میں کسی قسم کے ناقص میٹریل کے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔سی پی او نے بعد ازں پرانی بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا جس پر ایس ایچ او انسپکٹر قیصر محمود ستی نے بتایا کہ تھانے کو 1861 میں تعمیر کروایا گیا تھا جس کی چھتیں خستہ حال ہو چکی ہیں تا ہم دیواریں اب بھی مضبوط ہیں۔سی پی او نے تھانے کے اندر بند کئے گئے سینکڑوں کی تعداد میں لاوارث موٹر سائیکلوں کا فوری اکشن کروانے کی ہدایت جاری کی۔ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل مرزا طاہر سکندر، ڈی ایس پی ٹریفک ابرار سرور قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں