مری(محمد احمد‘نمائندہ پنڈی پوسٹ)مری کے تاجروں کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر رٹ پٹیشن کی تاریخ کے موقع پر مسڑجسٹس عبدالعزیز نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مری کے لوگوں کو بدنام کیا جانا افسوسناک ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی کہ وہ کسی دوسرے سانحہ کے پیش آنے سے قبل مری کے سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں جس کے بعد ہوٹل ایسوسی ایشن انجمنِ تاجران و سیٹیزن فورم مری کے نمائندوں کی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق سے سانحہ مری کے بعد مری میں پیدا ہونے والی صورتحال اور سیاحوں کو مخصوص اوقات کے دوران محدود تعداد میں دی جانے والی اجازت اور دیگر معاملات پر ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں خصوصی ملاقات کی اس موقع پر ہوٹل ایسوسی ایشن مری کے جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ریاست عباسی، انجمن تاجران مری کے صدر راجہ طفیل اخلاق، مری سٹیزن فورم کے چیئرمین عمیر جاوید عباسی ایڈووکیٹ اور دیگر نے انہیں سیاحوں پر عائد پابندی کے باعث مری کے تاجروں اور سیاحت سے وابستہ چھوٹے طبقے کے مالی مسائل اور سوشل میڈیا پر مری کے خلاف چلائی جانے والی مہم سے آگاہ کیا ڈپٹی کمشنرراولپنڈی طاہر فاروق نے اس نمائندہ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری ملک کا واحد ہل سٹیشن ہے جو اسلام آباد سے صرف ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے اور اس ہل سٹیشن پر آنے والے سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سب کو جدت پسندی سے کام لینا ہوگا تاکہ سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تاجر برادری کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہو سکیں اور اس کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ تاجروں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر متعدد منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے مری کے تاجروں سے مکمل طور پر مشاورت کی جائے گی اور اس کے لیے مزید اجلاس منعقد کیے جائیں گے انہوں نے تاجروں کو بھی حکومت کو اپنی تجاویز دینے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ سیاحوں پر عائد پابندی کا بھی جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔
157