114

روات پولیس کی بڑی کارروائی: اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ گرفتار، بھاری رقم، اسلحہ اور گاڑی برآمد

راولپنڈی آصف شاہ نمائندہ پنڈی پوسٹ

تھانہ روات کی حدود میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایچ او روات انسپکٹر زاہد ظہور، ڈی ایف سی روات شہباز کیانی اور ان کی ٹیم نے کی۔ گرفتار ملزمان سرکاری اداروں کا نام استعمال کر کے شہریوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرتے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری رقم، ایک گاڑی اور پسٹل برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان کی شناخت اویس، عثمان، طیب، ذیشان، خالد اور سعید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 10 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان اغوا کی وارداتوں کے دوران سرکاری اداروں کا نام استعمال کرتے تھے تاکہ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر تاوان حاصل کیا جا سکے۔ دوران تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ اغوا کے دوران استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جو ملزمان وارداتوں میں استعمال کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔ پولیس نے متاثرین سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بھی اس گروہ کے ہاتھوں نقصان پہنچا ہے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے میں اطلاع دیں۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں