114

روات،ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر گھر کا صفایا کر گئے

روات (نمائندہ پنڈی پوسٹ)روات پولیس ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام، آتشیں اسلحہ سے لیس 03 ڈاکوؤں نے فلیٹ میں گھس کر فیملی کو یرغمال بنا لیا۔اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی لوٹ کر فرار ۔ذرائع کے مطابق صدر ڈویژن راولپنڈی پولیس کے تھانہ روات میں سرگرم ڈکیت گینگ نے ایک اور فیملی کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی لوٹ لی۔ فیز 07 بحریہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان لیاقت نے روات پولیس کو مقدمہ درج کروایا کہ رات گیارہ بجے کے قریب ہمراہ فیملی ہسپتال سے گھر آیا۔جوں ہی فلیٹ میں داخل ہوئے تو اچانک 03 ڈاکو جن میں سے ایک کے ہاتھ میں پسٹل تھا۔فلیٹ میں گھس آئے۔انہوں نے گن پوائنٹ پر گھر میں موجود 01 لاکھ85 ہزار روپے کیش،03 تولے طلائی زیورات سمیت 04 قیمتی فونز لوٹے اور واردات کرنے بعد تینوں ڈاکو فرار ہوگئے۔عدنان لیاقت کے مطابق شلوار قمیض پہنے ڈاکوؤں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان تھیں جبکہ تینوں ڈاکو “اردو اور پشتو” زبان میں گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق روات پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔یاد رہے کہ تھانہ روات کی حدود بالخصوص فیز07/08 بحریہ ٹاؤن میں ڈکیت گینگ تسلسل کے ساتھ لوٹ مار کی وارداتوں میں مصروف ہے۔ جبکہ جرائم حوالے سے صدر ڈویژن کا سر فہرست تھانہ روات سابقہ ایس ایچ او ندیم ظفر کے تبادلے بعد سے تاحال مستقل ایس ایچ او کی تعیناتی سے محروم ہے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ ضمنی انتخابات کے پیش نظر راولپنڈی پولیس میں جلد ہی ایس ایچ اوز کی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز جاری ہیں۔جلد ہی روات پولیس سٹیشن میں مستقل ایس ایچ او کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں