جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم شہر و گردونواح میں رمضان کے مقدس مہینے کی آمد سے قبل ہی دکانداروں نے چھریاں ٹوکے تیز کر لئے، ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر نے لگیں۔ چکن4سنچریاں عبور کر گیا، چھوٹا گوشت 12 سو روپے سے لیکر 15 سو تک فروخت ہونے لگا،اسی طرح مضر صحت ملاوٹ شدہ دودھ، دہی 120 سے 130 روپے فی لیٹرجبکہ بیکری کی اشیاء، پکوڑے، سموسوں، سمیت سبزی، فروٹ، دالیں، آٹا، چینی کی قیمتیں کئی گنا زیادہ وصول کی جانے لگیں، صارفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے لاکھوں روپے کے فنڈز رمضان بازار لگانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سرکاری خزانے سے جاری کئے جاتے ہیں مگر انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی طرف سے لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں انتہائی ناقص وغیر معیاری اشیاء مقررہ نرخوں پر فروخت کی جاتی ہیں جبکہ معیاری اشیاء کے نرخ دکاندار من مرضی کے وصول کرتے ہیں، اس طرح انتظامیہ ہر سال رمضان بازاروں کے نام پر کرسیاں، قناتیں، ایئرکولرز، جنریٹرز سمیت دیگر سہولیات کے نام پر لاکھوں ر وپے کا ٹیکہ قومی خزانے کو لگاتے ہیں، صارفین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ سبسڈی کے نام پر ناقص و غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی بجائے، معیاری اشیاء فروخت کے لئے بازاروں میں لائی جائے اور ہر یونین کونسل میں ایک ایک بازار قائم کیا جائے تاکہ دوردراز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی حکومتی کی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
120