راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی ضلع راولپنڈی کی نئی تحصیلوں سٹی صدر اور کینٹ کی تشکیل کے بعد راولپنڈی کے قومی،صوبائی، یونین کونسلوں اور کنٹونمنٹ بورڈز وارڈز کی ازسرنو حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے بابت گزشتہ روز ڈپٹی کمشنراور محکمہ مال کے افسران سے ملاقات کر کے تینوں نئی تحصیلوں کی ایریاز کے علاقوں کے نقشے فائنل کر لئے ہیں الیکشن کمیشن، محکمہ مال اور ڈپٹی کمشنر آفس کے افسران رات گئے تک نقشے فائنل کرنے میں مصروف رہے، ان تینوں نئی تحصیلوں کے حدود اربعہ کے بعد ان کے ایریاز قومی،صوبائی اسمبلی حلقہ جات، یوسی اور وارڈ ز میں تقسیم کئے جائیں گے، ان تینوں نئی تحصیلوں کے ایریاز کے صوبائی حلقوں میں تبدیلی ہو گئی، ان تبدیلیوں کے بعد ضلع راولپنڈی کے قومی، صوبائی، یونین کونسلوں کے ایریاز کی حد بندیاں تبدیل ہوں گی، تینوں نئی تحصیلوں کے نقشوں کی سکروٹنی کے بعد نئی حلقہ بندیاں آئندہ10روز میں مکمل کر لی جائیں گی ان تینوں تحصیلوں کیلئے یونین کونسلوں، میونسپل کمیٹی بھی بنائی جائیں گی،ان تینوں تحصیلوں کیلئے راولپنڈی پرانی تحصیل کے اثاثوں، گاڑیوں،انفرادی قوت،ملازمین کی بھی برابر تقسیم شروع کر دی گئی، تحصیلدار نائب تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنروں کی تعیناتیاں بھی کر دی گئی جس کے بعد تینوں تحصیلیں باقاعدہ طور پر فنکشنل ہو گئی ہیں۔
