راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ڈویژن بھر میں راولپنڈی سپر لیگ کی افتتاحی تقریب آئندہ ہفتے کو منعقد ہوگی۔ لیگ میں کل سات میچز کروائے جائیں گے جس میں سے 4 میچز آئندہ ہفتے جب کہ 3 میچز بروز اتوار کو ہوں گے۔ سپر لیگ میں ہر ضلع میں سے دو ٹیمز شرکت کریں گی جو کہ ضلعی سطح پر ہو نے والوں مقابلوں میں سے جیتی ہوئی ہوں گی۔ دو روزہ راولپنڈی سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ 6 اور 7 مئی بروزِ ہفتہ و اتوار پاسبان کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں منعقد ہوگا جس کا اہتمام پاکستان آرمی اور ڈویژنل سول انتظامیہ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی سپر لیگ فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلہ میں انتظامات کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نزارت علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریو نیو) نبیل سندھو، ڈویژنل سپورٹس آفیسر وحید بابر و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم اور چکوال نے ویڈیو لنک کے ذریعیشرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے ضلعی سطح پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر معاون محکموں کو ہدایت کی کہ سول سوسائٹی میں سپورٹس کلچر کے فروغ پر مبنی اس ایونٹ میں تمام اضلاع کی منظم اور بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔ عوام کی تفریح کے لیے اس صحت مندانہ مقابلے کی فضا کو پراون چڑھانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مربوط و احسن انداز میں سر انجام دیں۔ ڈویژنل سطح پر لائزن کمیٹی سے بھی رابطہ استوار رکھا جائے۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے ہم اپنے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگر میوں میں مشغول کر سکتے ہیں جن سے ان کی تر بیت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ٹیمز کی سلیکشن کو شفاف طریقے سے سر انجام دیا جائے تا کہ تمام لوکل ٹیمز کو ڈویژنل سطح پر نما ئندگی کا مکمل مو قع دیا جائے۔
127