سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں پتنگ سپلائرز اور پتنگ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 81 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 2000 سے زائد پتنگیں اور 78 ڈوریں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں ٹیکسلا پولیس نے 3 ملزمان سے 902 پتنگیں اور 6 ڈوریں، نصیرآباد پولیس نے 5 ملزمان سے 272 پتنگیں اور 6 ڈوریں، مندرہ پولیس نے 3 ملزمان سے 190 پتنگیں اور 2 ڈوریں جبکہ آر اے بازار پولیس نے 11 ملزمان سے 144 پتنگیں اور 8 ڈوریں برآمد کیں۔
اسی طرح صدر واہ پولیس نے 8 ملزمان سے 115 پتنگیں اور 17 ڈوریں، چکلالہ پولیس نے 9 ملزمان سے 112 پتنگیں اور 10 ڈوریں، دھمیال پولیس نے 14 ملزمان سے 86 پتنگیں، ریس کورس پولیس نے 12 ملزمان سے 83 پتنگیں اور 13 ڈوریں برآمد کیں۔
مزید کارروائیوں میں گوجرخان پولیس نے ایک ملزم سے 50 پتنگیں اور 2 ڈوریں، مورگاہ پولیس نے 6 ملزمان سے 46 پتنگیں، واہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم سے 40 پتنگیں اور 4 ڈوریں، گنجمنڈی پولیس نے ایک ملزم سے 25 پتنگیں جبکہ سول لائنز اور ویسٹریج پولیس نے 3،3 ملزمان سے 22،22 پتنگیں برآمد کیں۔ وارث خان پولیس نے ایک ملزم سے 20 پتنگیں قبضے میں لے لیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دیا جا چکا ہے اور اس خونی کھیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سی پی او راولپنڈی نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہ دی جائے۔