راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ رتہ امرال کی حدود میں ایک 25 سالہ نوجوان حارث کی برتھ ڈے پارٹی کے دوران پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی۔ نوجوان کی لاش کے قریب سے انجکشن، ادویات اور سرنج برآمد ہونے سے قتل یا زہر دینے کی سازش کی جانب اشارہ کیا جا رہا ہے۔
حارث کے والد نے اپنے بیٹے کی موت کو حادثہ نہیں بلکہ قتل قرار دیتے ہوئے، الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کو زہر یا نشہ آور اشیاء دے کر مارا گیا۔ انہوں نےفروا نامی لڑکی اور تقریب میں شریک8 سے 10 دیگر افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانہ رتہ امرال میں درخواست دائر کی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر شواہد کو قبضے میں لے لیا ہے، جن میں انجکشن، سرنج اور مختلف ادویات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر چکی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق، تحقیقات میں تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔
یہ واقعہ مقامی سطح پر سنسنی کا باعث بن چکا ہے اور لوگ اس پراسرار موت کے پیچھے چھپے اسباب جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ پولیس تفتیش کے دوران ممکنہ قاتلوں تک پہنچنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔