راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت نےعلیمہ خانم کی بار بار عدم حاضری اور ٹرائل میں عدم تعاون پر پراسیکیوشن کی درخواست سماعت کے لئے منظور

راولپنڈی انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں نامزد سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم اور ان کے وکلا کی عدالت میں بار بار عدم حاضری اور ٹرائل میں عدم تعاون پر پراسیکیوشن کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور علیمہ خانم کے وکلا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج (بروز جمعہ) جواب طلب کرلیا ہے پراسیکیوشن کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ملزمہ کے لئے سرکاری وکیل مقرر کرے یا ملزمہ کی ضمانت منسوخ کی جائے گزشتہ روز سماعت کے

موقع پر علیمہ خانم نے ایک بار پھر ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی اس موقع پر مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کے علاوہ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور استغاثہ کے گواہان بھی عدالت میں موجود تھے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 19/8 کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے آج کے دن کے لئے یہ کیس ملزمان کے وکلا کی جانب سے گواہان پر جرح کے لئے مقرر کر رکھا تھا اس مقدمہ میں علیمہ خانم کے علاوہ 10 دیگر ملزمان بھی نامزد ہیں عدالت نے گزشتہ سال 10 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی تھی جس کے بعد اب تک 23 سماعتیں ہو چکی ہیں

اور 15 سماعتوں پر ملزمہ پیش نہیں ہوئی دیگر ملزمان کے وکلا کی طرف سے استغاثہ کے 18 گواہان پر جرح بھی ہوچکی ہے لیکن ملزمہ کی جانب سے ابھی تک کسی گواہ پر جرح نہیں گئی اور ملزمہ کے وکلا جان بوجھ کر جرح سے گریزاں ہیں اور ملزمہ بھی جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں جس سے ٹرائل میں رکاوٹ پیدا کر کے غیر ضروری التوا لیا جارہا ہے ملزمہ اور وکیل صفائی  جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں 5 مواقع دینے کے باوجود وکیل صفائی گواہان پر جرح نہیں کررہے لہٰذا عدالت ملزمہ کے غیر ذمہ دار رویئے اور مسلسل غیر حاضری پر انکا پلیڈر (سرکاری وکیل)مقرر کرے درخواست میں استدعا کی گئی ہے

کہ اگر ملزمہ اور وکیل صفائی ٹرائل میں سنجیدہ نہیں تو ملزمہ کی ضمانت منسوخ کی جائے عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی اور علیمہ خان کے وکلاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی قبل ازیں عدالت نے علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے علیمہ خان کی جانب سے دائر ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے منظور کرلی جبکہ وکیل صفائی نے عدالت کو کل علیمہ خان کی حاضری کی یقین دہانی کرادی