راولپنڈی (فیصل عرفان،نمائندہ پنڈی پوسٹ )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ نے موتی محل سٹاپ مری روڈ پر میواکی فاریسٹ کیساتھ قائم راولپنڈی شہر کی پہلی سٹریٹ لائبریری کو بند کردیا،سٹریٹ لائبریری اور میواکی فاریسٹ آر ڈی اے نے قائم کیا تھا اور اس وقت 6لاکھ روپے کے لگ بھگ رقم سٹریٹ لائبریری کے سٹرکچر پر خرچ ہوئی تھی،10جنوری 2022ء کو مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے سٹریٹ لائبریری اور میواکی فاریسٹ کا افتتاح کیا تھا،لائبریری اور میواکی فاریسٹ سے جہاں آر ڈی اے کا سافٹ امیج سامنے آیاتھا وہیں پر شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا تھا،سٹریٹ لائبریری کے شیشے پہلی بار6مئی 2023کو ایک سیاسی پارٹی کی ریلی کے دوران توڑے گئے جنہیں آر ڈی اے انتظامیہ نے 23 مئی کو دوبارہ نصب کرادیا تھا،یہ سلسلہ رکا نہیں اور علم دشمنوں نے گذشتہ دنوں ایک بار پھر لائبریری کے شیشے توڑ ڈالے جس پر آر ڈی اے انتظامیہ نے سٹریٹ لائبریری سے جان چھڑاتے ہوئے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کر لی،ادھر اردو اور پنجابی کے معروف شاعر اور سٹریٹ لائبریری کے مستقل قاری اور لائبریری کومتعدد کتب عطیہ کرنے والے اتفاق بٹ سمیت شہر کے علمی وادبی حلقوں نے آر ڈی اے کے فیصلہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے موجودہ چیئرمین آرڈی اے سیف انور جپہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سٹریٹ لائبریری کو دوبارہ فعال کریں اور شرپسندوں سے بچانے کیلئے مستقل بنیادوں پرسیکورٹی گارڈ تعینات کریں تاکہ کتب بینی کے شوقین موقع پر پر ہی کتاب جاری کروا کر اپنے علم کی پیاس بجھا سکیں۔
77