راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی بروقت کاروائی کی وجہ سے راولپنڈی سے بڑی مقدار میں گندم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ سات ٹرکوں کے ذریعہ 2500 بوری گندم راولپنڈی سے حسن ابدال کے راستے سمگل کی جا رہی تھی۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ فوراً حرکت میں آئی اور پولیس اور محکمہ خوراک کی مدد سے ان ٹرکوں کو روکا گیا اور بھاری مقدار میں گندم سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے گندم سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سخت احکامات جاری کئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے کہا کہ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جامع اقدامات کئے گے ہیں اور محکمہ خوراک اس حوالے سے پولیس اور سپیشل برانچ کی مدد سے کاروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خارجی راستوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور گندم کی چیکنگ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔
134