راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ریس کورس پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کر کے رقم ہتھیانے والے دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان مرد و خاتون پر مشتمل ایک جوڑا ہے جو شہریوں کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر اُن کی ویڈیوز بناتا اور بعد ازاں بلیک میلنگ کے ذریعے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار جوڑے کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور انہیں جلد عدالت میں چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کا استحصال کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
پولیس حکام کے مطابق ہنی ٹریپ گینگ کے خلاف کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے ویڈیوز اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایس پی پوٹھوہار نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو ایسے مجرم عناصر سے پاک کیا جا سکے۔