دو گروپوں میں لڑائی نے اک اور نوجوان کی زندگی نگل لی

گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) بیول کے مصروف اڈا چوک میں دو گروپوں کے درمیان پرانی رنجش کے باعث ہونے والے مسلح تصادم میں فائرنگ سے دو نوجوان زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں طلہ نامی نوجوان وفات پا چکا ہے۔ جسے دو گولیاں لگیں، جبکہ ایک نویں جماعت کا طالبعلم جو راہگزر تھا، فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے کشیدگی چلی آ رہی تھی، جو آج کھلم کھلا تصادم کی صورت اختیار کر گئی۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (فوارہ چوک) ریفر کر دیا گیا ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ بیول جیسے گنجان آباد علاقے میں اسلحہ عام ہو چکا ہے، اور بچوں تک کے پاس پسٹل ہونا پولیس کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے نہ کوئی مؤثر اسلحہ چیکنگ کا نظام موجود ہے، نہ ہی کسی قسم کی پیشگی کارروائی کی جاتی ہے، جو ایسے افسوسناک واقعات کا سبب بنتی ہے۔
تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی اور پولیس کی جانب سے باقاعدہ مؤقف بھی سامنے نہیں آیا۔ شہریوں نے سی پی او راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بیول میں اسلحے کے پھیلاؤ اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں