لاہور(نمائندہ پنڈی پوسٹ) آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی بیٹھک میں اہم فیصلے کرلئے گئے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کے اخراجات کم کرنے اور 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امراءلاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت آئندہ بجٹ کے حوالے سے ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس لغاری، عطاء تارڑ اور رانا تنویر حسین سمیت دیگر شریک ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، وفاقی و صوبائی محکموں کے مختلف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل مشاورتی اجلاس میں آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے اقدامات کی تجاویز پر مشاورت کی گئی، وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی گئیں۔اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزراء اور سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف کے اقدامات کی تجاویز پیش کیں، پارٹی قائدین نے بھی عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دینے کے بارے میں اپنی اپنی تجاویز شرکاءکے سامنے رکھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کئے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ مشاورتی اجلاس میں اپنے وسیع تر سیاسی اور انتظامی تجربے کی بنیاد پر ہدایات بھی جاری کیں۔
بعدازاں بجٹ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ساڑھے 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکاء کو موجودہ اقتصادی چیلنجز اور ان سے نپٹنے کے لئے حکومت کی تیاریوں اور حکمت عملی بارے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے اخراجات کم کرنے کے لئے تجاویز لیں جبکہ ن لیگی رہنماوں نے مشاورتی اجلاس میں سرکاری اخراجات کو کم کرنے پر اتفاق کیا۔شرکاءنے عوام کو ریلیف دینے کے لئے کم از کم 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو ریلیف دینے اور وفاقی بجٹ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے مطابق مرتب کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔بجٹ میں موجودہ ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کے لئے ایف بی آر کو متحرک کیا جائے گا۔
قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو بجٹ میں ریلیف ملنا چاہئے، مہنگائی کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب حکومت کی کوششوں سے آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے، اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے