خود اعتمادی کی اہمیت

تحریر : ملک شاہ زیب
خود اعتمادی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جو انسان کی زندگی میں کامیابی خوشی اور ذہنی سکون کے لیے ضروری ہے۔ اگر ہم زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں اور اس کے لیے محنت بھی کرتے ہیں لیکن اگر ہمارے اندر خود اعتمادی نہیں ہے تو ہم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔کیونکہ خود اعتمادی ہمارے چہرے پہ چمک پیدا کرتی ہے ہمارے الفاظ میں یقین پیدا کرتی ہے اور ہمارے ہر قدم کو مضبوط بناتی ہے۔آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کچھ لوگ ہمیشہ نمایاں نظر آتے ہیں ان کی بات ہمیشہ سنی جاتی ہے ان کے فیصلوں کو اہمیت دی جاتی ہے اور وہ مشکل حالات میں بھی پرسکون رہتے ہیں یہ سب خود اعتمادی کا کمال ہے۔ کیونکہ خود اعتمادی وہ یقین ہے جو ہمیں اپنی صلاحیتوں خوبیوں اور فیصلوں پر ہوتا ہے جب ہم خود پر یقین کرتے ہیں تو ہم زندگی میں بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں خود اعتمادی ہمیں اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے اور زندگی کے ہر میدان میں کامیاب بناتی ہے۔

خود اعتمادی کیوں ضروری ہے؟
خود اعتمادی صرف کامیابی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ پرسکون اور خوشگوار زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے خود پر یقین کرنے سے ہمارے اندر کے خوف اور شکوک ختم ہو جاتے ہیں اور ہم چھوٹی چھوٹی مشکلات سے بھاگنے کی بجائے ان کا حل تلاش کرتے ہیں خود اعتماد افراد نہ صرف اپنے لیے بہتر فیصلے کرتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی متاثر کرتے ہیں آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کچھ لوگ اپنی فیلڈ کے ماہر ہوتے ہیں لیکن خود اعتمادی کی کمی کے باعث زیادہ کامیاب نہیں ہوتے
اس کے برعکس خود اعتماد انسان زندگی کے ہر میدان میں مضبوط اور باہمت نظر آتا ہے کیونکہ خود اعتمادی اسے مشکل فیصلے کرنے چیلنجز کا سامنا کرنے اور ناکامی کے بعد دوبارہ اٹھنے میں مدد دیتی ہے-جو لوگ اپنی صلاحیتوں کو پہچانتے ہیں انہیں دوسروں کی تنقید یا رائے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ایسے لوگ ہمیشہ اپنی سوچ کو مثبت رکھتے ہیں اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں اور آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں

خود اعتمادی بڑھانے کے طریقے

1.خود پر اعتماد کرنا
خوداعتمادی بڑھانے کیلئے سب سے پہلا کام یہ ہے کہ آپ خود پر بھروسہ کرنا سیکھیں۔ اپنی صلاحیت، قابلیت، ہنر اور ذہانت کو کم نہ سمجھیں۔ جو کچھ آپ کے پاس ہے وہ کسی بھی کام کیلئے کافی ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کام کیلئے کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوگی تو ضرور سیکھیں لیکن خود کو کمتر بالکل نہ سمجھیں۔

۲۔ اپنے خوف پر قابو پانا:
خود اعتمادی بحال کرنے کیلئے آپ اس کام کو ضرور کریں جس سے آپ خوف محسوس کرتے ہیں۔ایک فلسفی ایسنر روزویلٹ کہتا ہے”ہر اس تجربے میں جس میں آپ رْک جائیں اور خوف محسوس کریں اْس کو سرانجام دینے کے بعدآپ ہمیشہ ایک طاقت،ہمَت اور اعتماد محسوس کریں گے کیونکہ آپ خود سے کہنے کے قابل ہوجاتے ہیں کہ میں یہ مشکل اور خوفناک کام کرسکتا ہوں تو میں باقی تمام کام بھی کرسکتا ہوں۔’

اپنی خوبیوں کو پہچانیں
ہر انسان میں کوئی نہ کوئی خاص صلاحیت ضرور ہوتی ہے۔ کچھ لوگ اچھے سپیکر ہوتے ہیں، کچھ لکھنے میں ماہر ہوتے ہیں، تو کچھ لوگوں کو ٹیکنالوجی کی سمجھ ہوتی ہے۔ اپنی انہیں صلاحیتوں کو پہچانیں اور انہیں مزید بہتر بنانے پر کام کریں۔ جب آپ اپنی خوبیوں پر توجہ دیتے ہیں تو آپ کا اعتماد خود بخود بڑھنے لگتا ہے۔

اپنی غلطیوں سے سیکھیں
کامیاب لوگ وہ نہیں ہوتے جو کبھی ناکام نہیں ہوتے، بلکہ وہ ہوتے ہیں جو اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھتے ہیں۔ اگر آپ سے کوئی غلطی ہو جائے تو اس پر شرمندہ ہونے کی بجائے اس سے سیکھیں۔ یاد رکھیں، ہر غلطی آپ کو مضبوط بناتی ہے

خود اعتمادی کوئی جادوئی چیز نہیں جو راتوں رات حاصل ہو جائے۔ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے آپ کو اپنے آپ پر کام کرنا ہوگا۔ چھوٹی چھوٹی کامیابیاں آپ کے اعتماد کو بڑھائیں گی، اور ایک دن آپ محسوس کریں گے کہ آپ وہ شخص بن چکے ہیں جو ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ دنیا میں سب سے بڑی طاقت آپ کے اندر ہی موجود ہے,بس اسے پہچاننے اور نکھارنے کی ضرورت ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.