پنجاڑ چوک کی رہائشی خاتون کی مبینہ غفلت کے باعث شہری کی مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔ زوہیب رب نواز سکنہ سلیٹھہ حال مقیم محلہ دھپری نے تھانہ کہوٹہ میں تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون نے اپنی زمین میں زہریلا مواد پھینکا، جسے اس کے گھر کی مرغیوں نے کھالیا۔درخواست کے مطابق زہریلے مواد کے باعث پانچ مرغیاں موقع پر ہی مر گئیں جبکہ باقی مرغیوں کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو اور مبینہ زہریلے مواد کے شواہد بھی اس کے پاس موجود ہیں۔زوہیب رب نواز کے مطابق خاتون سے رابطہ کرنے پر اس نے نہ صرف نقصان پورا کرنے سے انکار کردیا بلکہ مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ شخص نے پولیس تھانہ کہوٹہ سے اپیل کی ہے کہ دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انصاف فراہم کیا جائے اور ہونے والے نقصان کا ازالہ کرایا جائے۔