146

حکومت طلبا کو 47 ارب کی سکالر شپس دیگی،اسد عمر

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال طلباء و طالبات کو 47 ارب روپے کے سکالر شپ دیگی،نوجوان ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس پر ساری دنیا رشک کرے گی۔انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن گرلز کے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ کنونشن میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک لاکھ سکالر شپ کا پہلا حصہ مکمل جبکہ دوسرا حصہ جاری ہے پروگرام میں ہر قسم کی تربیت کے پروگرام رکھے گئے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک سو ارب روپے قرض جوانوں میں تقسیم ہوں گے،جس میں سے 31 ارب روپے بچیوں نے حاصل کئے اور اپنا کاروبار چلا رہی ہیں۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ خواتین کے مسائل کا حل اور وراثت میں حصہ دینا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، احساس پروگرام کے تحت نئے پروگرامز میں پچاس فیصد سے زائد حصہ خواتین کا ہوگا، سٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگز میں مرد کہتے ہیں کہ خواتین کا پچاس فیصد حصہ کم کرکے تیس فیصد کیا جائے تاہم وزیراعظم نے اسے پچاس فیصد ہی رکھا،گزشتہ سال 90 ہزار طلباء کو وظائف دیئے گئے ، فیصلہ ہوا کہ ضرورت اور میرٹ مدنظر رکھا جائے گا۔کنونشن سے رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی، پارٹی کے چیف آرگنائزر و سینیٹر سیف اللہ نیازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں