حالیہ آئینی ترامیم و قانون سازی قرآن و سنت کے منافی ہے،مولانا فضل الرحمن

جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حالیہ آئینی ترامیم اور قانون سازی واضح طور پر قرآن، سنت اور حدیث کے منافی ہے ۔ حکمرانوں کو دینی علوم اور قرآنِ کریم کی صحیح سمجھ ہوتی تو ایسی غلطیاں ہرگز نہ کرتے جیسی حالیہ دنوں میں اسمبلی کے اندر کی گئیں۔ حکمران نہ صرف قرآن و سنت سے ناآشنا ہیں بلکہ آئین اور قانون کے تقاضوں کو بھی پورا نہیں کر رہے، مجلسِ اتحادِ امت کے زیر اہتمام مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان ، دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اہم اجتماع 22 دسمبر کو کراچی میں منعقد ہوگا جس میں ملکی آئین ، قانون کے تقاضوں پر غور سمیت دیکھیں گے ملک کس سمت جا رہا ہے، ملکی ترقی، عوام کے حقوق، چھوٹے صوبوں کے مسائل پر بات کریں گے۔

افغانستان اور ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ اور شکایات کے ازالے کیلئے تعمیری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ مفتاح العلوم مستونگ بلوچستان کی سالانہ تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا۔