169

جی ٹی روڈ پرتجاوزات سے حادثات میں اضافہ

جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم جی ٹی روڈ پر آئے روز حادثات کیوجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہاہے، حادثات میں اضافے کیوجہ جی ٹی روڈ سے ملحقہ مقامات پر قائم ہونے والی تجاوزات ہے، سڑک کے دونوں اطراف دکانداروں نے سامان لگا کر جبکہ ریڑھی بانوں نے ٹھیلے کھڑے کرکے آمدورفت میں مشکلات پیدا کر رکھی ہیں، اسی طرح اگر سروس روڈ کی بات کی جائے تو سروس روڈ پر بھی تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے۔جس کیوجہ سے سروس روڈ استعمال کرنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، نیشنل ہائے وے کے قانون کے مطابق جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف 1 سو10 فٹ تک کسی قسم کی تجاوزات قائم کرنا قانوناً جرم ہے لیکن جی ٹی روڈ پر سرعام قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں متعلقہ محکموں کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔موٹر وے پولیس کی عدم دلچسپی کیوجہ سے شہری اور ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں سڑک پر پارک کر دیتے ہیں جو کہ حادثات کی بڑی وجہ ہیں، اس سلسلے میں موٹر وے پولیس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ این ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،متعدد مرتبہ تحریری طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، جی ٹی روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کئے جاتے ہیں۔شہریوں کو چاہیے کہ جی ٹی روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے اجتناب کریں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں