73

جیل بھرو تحریک، حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی

اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھر و تحریک سے نمٹنے کیلئے وفاقی وصوبائی حکومت نے حکمت عملی طے کرلی ہےوفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے جیل بھرو تحریک میں خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کی ہدایت کردی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا کی پہلی جیل بھرو تحریک ہے جس کا آغاز لیڈر اپنی حفاظتی ضمانت سے کر رہا ہے منگل کو اپنے ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایوان صدر آئین، قانون اور عدالتی نظام کا تمسخر اْڑانے والے کے خوف کا قیدی ہے،دوسری جانب پنجاب کی نگراں حکومت نے جیل بھر وتحریک کے پیش نظر حکمت عملی طے کرلی ہے ۔ پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق لاہور کی جیلوں میں مزید قیدیوں کی گنجائش نہیں ہے، گرفتار شدگان کو میانوالی اور ڈی جی خان کی جیلوں میں بھیجنا پڑے گا، ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔گرفتاری دینے والے لوگوں کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔ گرفتار شدگان کے ٹیکس اور بینک ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔بدعنوانی یا کرمنل کیس میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تناظر میں صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ڈرامہ رچانا، امن وامان کی صورتحال متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں