124

جہلم کے بازاروں پرتجاوزات مافیا کا راج

جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم تجاوزات مافیا کا اندرون شہر کے بازاروں،خریداری مراکز، چوک چوراہوں سمیت فٹ پاتھوں پر قبضہ۔تجاوزات کی بھر مار سے شہریوں کا پیدل چلنا محال ہو گیا۔تجاوزات مافیا کو سیاسی آشیر باد حاصل ہونے سے انتظامیہ کارروائی کرنے سے گریزاں۔چنگ چی رکشوں اور ریڑھی بانوں نے بھی اپنی الگ بادشاہت قائم کر لی عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق جہلم اندرون شہرکی سڑکوں جن میں اولڈ جی ٹی روڈ، مشین محلہ روڈ، تحصیل روڈ، کچہری روڈ، ریلوے روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، ڈھوک جمعہ روڈ، روہتاس روڈ، بلال ٹاؤن روڈسمیت کشمیر کالونی کالونی،کالا گجراں کے مقام پر چنگ چی رکشوں اور ریڑھی بانوں نے قبضے جما رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کا پیدل چلنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے، چوک گنبد والی مسجد تا مین بازار میں ریڑھی بانوں نے ریڑھیاں کھڑی کرکے پیدل چلنے والوں سے پیدل چلنے کی سہولت چھین رکھی ہے، جبکہ شاندار چوک کے چاروں اطراف پھل، فروٹ، مشروبات، ہوذری، جوتے فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں سمیت، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹھیلے والوں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کررکھی ہے، جنہیں مقامی سیاست دانوں کی مکمل آشیر باد حاصل ہے، دوسری جانب روہتاس روڈ کے آغاز پر ہی چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے رکشے کھڑے کرکے ہر قسم کی ٹریفک کے مسائل پیدا کررکھے ہیں جبکہ سول ہسپتال کے داخلی دروازے پر بھی رکشہ ڈرائیوروں نے مکمل کنٹرول کررکھا ہے۔ ٹریفک پولیس سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جس کیوجہ سے اندرون شہر منٹوں کا سفر طویل دورانیے تک محیط ہو چکا ہے۔ شہری حلقوں نے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں