جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی وکٹ گرا دی۔ سابق ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 25 چوہدری محمد ثقلین نے سابق وفاقی وزیر الحاج چوہدری شہباز حسین، سابق وفاقی وزیر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فواد حسین کی قیادت میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزیر الحاج چوہدری شہباز حسین، سابق وفاقی وزیر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فواد حسین سمیت دیگر قائدین نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی، اس موقع پر سابق ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری محمد ثقلین نے پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔عمران خان نے سابق لیگی ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد ثقلین کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدیدکہا، اس موقع پرانہوں نے کہا کہ عمران خان نے جتنی عزت مجھے دی اتنی کسی نے نہیں دی، مسلم لیگ ن کی قیادت ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہے، میرا مشن ہے کہ حسب سابق آمدہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم سے کلین سویپ کرے، انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر الحاج چوہدری شہباز حسین بزرگ سیاست دان ہیں، ان کی قیادت میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے ضلع جہلم سے کامیاب ہو گی۔
92