جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم اندرون شہر میں ٹریفک پولیس کی غفلت و نااہلی، بے ہنگم ٹریفک غیر قانونی پارکنگ اور اندرون شہر کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، ٹریفک پولیس کے ذمہ داران مضافاتی علاقوں کی سڑکوں پر دیہاڑیاں لگانے میں مصروف، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلا ت کے مطابق اندرون شہر کی سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی غفلت و عدم توجہی کے باعث ٹریفک کا جام رہنا معمول بن چکا ہے، شہر کی سڑکوں سمیت مضافاتی علاقوں کی جانب جانے والی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں، لوڈرز گاڑیاں، ٹرالر، آئل ٹینکر اندرون شہر کی سڑکوں سے دن کے اوقات میں بھی گزرتے ہیں جبکہ چنگ چی رکشے ان سڑکوں پر ٹریفک جام کا سبب بنتے ہیں، چنگ چی رکشوں،لوڈر رکشوں سمیت ریڑھی بانوں نے بھی قبضے جما رکھے ہیں جہاں رکشوں کے غیر قانونی اسٹینڈ قائم ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے وہیں پر ان سڑکوں کے دونوں اطراف فروٹ و سبزی فروخت کرنے والے لوڈررکشے اور ریڑھیاں کھڑی کرکے سڑکوں پر سے گزرنے والے مسافروں کے لئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، تمام تر حالات کے برعکس ٹریفک پولیس ان غیرقانونی رکشہ اسٹینڈزکے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے سارا سارا دن شاندار چوک میں بیٹھ کرگپیں ہانکتے دکھائی دیتے ہیں، شہریوں نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
185