اسلام آباد:(حماد چوہدری) تھانہ کھنہ پولیس نے منشیات فروش کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شراب کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ پولیس نے اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے مختلف برانڈز کی دیسی اور ولایتی شراب کی درجنوں بوتلیں برآمد ہوئیں۔کارروائی ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے ملزم کو ہتھکڑیاں لگا کر میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، دارالحکومت میں منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔
