اسلام آباد (حماد چوہدری)تھانہ کھنہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یہ کارروائی آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی سربراہی میں اے ایس آئی سکندر اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ملزم کے دیگر جرائم اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جرائم کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہے اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اسلام آباد پولیس کا پیغام شہر میں جرائم کی کوئی گنجائش نہیں، قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے پولیس ٹیم کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
