اٹک (شہزاد حسین بھٹی سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت کے دوران اور اس کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ جرات مندی اور مؤثر انداز میں پیش کیا، جس کے باعث بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے یہ بات ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب کے گاؤں ڈھلیاں میں سولر واٹر سپلائی اسکیم کے افتتاح کے موقع پر ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں پیپلز پارٹی کے رہنما سردار فیضان حیدر، ملک امانت راول، ملک شیر خان سدریال، ملک ریاست سدریال، اصف علی ملک، سردار احسن خان، سید عاطف حسین شاہ گیلانی، حاجی اختر اور دیگر پارٹی قائدین بھی شریک تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آپریشن “المرصوص” میں شاندار کامیابی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، بہادر افواج پاکستان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے اپنے سے پانچ گنا بڑی طاقت کو شکست دی، اور اس عظیم کامیابی کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی جاتا ہے، جس کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے نہ صرف اس تسلسل کو برقرار رکھا بلکہ میزائل ٹیکنالوجی کا آغاز بھی کیا، جو انہوں نے شمالی کوریا سے حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کردار ادا کیا، جو تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ گورنر پنجاب نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو “اکیلا شیر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران وہ واحد لیڈر تھے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی بلاول بھٹو ہیں جنہوں نے نریندر مودی کو “گجرات کا قصائی” اور اسرائیلی وزیر اعظم کو “سستی کاپی” قرار دیا۔
گورنر سلیم حیدر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بھارت کے خلاف صرف ایک میزائل “فتح ون” سے کامیاب وار کیا، جو دفاع پاکستان کی ابتدائی صلاحیتوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کامرہ میں تیار ہو رہے ہیں جبکہ جے ٹین سی کی شمولیت سے دفاعی قوت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے 2008 سے 2013 تک چین کے دوروں کو پاکستان کے دفاع کے استحکام کا سبب قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے جارحیت کا آغاز کیا تو دنیا اس کے ساتھ کھڑی تھی، مگر بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط مؤقف اور مؤثر سفارتکاری نے عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا اور اب دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی قوم غیرت مند اور باشعور ہے، اور بلاول بھٹو زرداری بہت جلد پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، اور جب وہ وزیراعظم ہوں گے تو اٹک کا ہر بچہ خود کو وزیراعظم سمجھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ غریب عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
عوامی فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رتوال اور ڈھرنال میں ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں، 14 واٹر سپلائی اسکیموں پر کام جاری ہے، جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب میں ڈائلیسس سینٹر بھی قائم کیا جا چکا ہے۔ فتح جنگ میں جلد ہی سردار ظہور صاحب کے تعاون سے کڈنی ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج جس سولر ٹیوب ویل کا افتتاح کیا گیا، وہ بھی ان کے ذاتی دوستوں کے تعاون سے ممکن ہوا۔ گورنر نے کہا کہ اٹک کے عوام کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، اور چاہے انہیں راولپنڈی، لاہور یا کراچی میں کسی بھی قسم کے علاج کی ضرورت ہو، مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود عوام سے ہیں، عوام کا درد سمجھتے ہیں اور ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
بعدازاں انہوں نے پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کے ہمراہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔