146

بزرگان دین کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

گوجر خان(نمائندہ پنڈی پوسٹ) بزرگان دین کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اپنی زندگی میں ہم ان پر عمل پیرا ہوکرہی دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،خوش قسمت ہوتے ہیں وہ والدین جنکی اولاد انتقال کے بعد بھی انکے نقش قدم پرچلتی ہے اور اپنے نیک اعمال سے اپنے مرحوم والدین کے لئے صدقہ جاریہ کے نیک اعمال سے انکی بلندی درجات کا باعث بنی ہے، ان خیالات کااظہار صاحبزادہ حامدرضا چیئر مین قرآن بورڈپنجاب،سید برہان حیدر شاہ،پروفیسر سجاد حسین ساجد،علامہ امجد علی امجد،سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص، پیر سید سلطان علی شاہ بھنگالی شریف اور دیگر مقررین نے کونتریلہ میں خطیب یورپ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کے والدبزرگوار کے سالانہ عرس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مقررین نے مرحوم کی دینی وسماجی خدمات پر انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی خوش قسمت ہیں کہ برسوں قبل دنیا سے رخصت ہونے کے باوجود اپنی خدمات اور نیک اولاد کے باعث اللہ کی مخلوق کی یادوں اور دعاؤں میں زندہ ہیں اور مسلسل اپنی اولاد کی دینی سماجی رفاعی خدمات اور نیک اعمال سے درجات پارہے ہیں،تقریب میں اجمیرشریف کے سجادہ نشین پیرسید بلال حسین چشتی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مرحوم کی بلند درجات انکی اولاد کی دین دنیاں کی ترقی وکامیابی کے لئے خصوصی دعا کی انہوں نے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی پاکستان سمیت یورپ میں بھی جاری دینی سماجی خدمات کوسراہا اور انکی خدمات کے اعتراف میں اجمیر شریف کے نمائندہ کے طور پر انکی دستار بندی بھی کی،تقریب کی صدارت سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر سید غلام قطب الحق گیلانی نے کی،سابق رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے بھی علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی پاکستان،کشمیر اور یورپ میں برسوں سے جاری انکی دینی سماجی رفاعی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور امت کے باہمی اتحاد واتفاق کی ضرورت پرزور دیا اور کہا کہ ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھائی چارے اور اخوت کوپروان چڑھانے کا تقاضہ کرتے ہیں،اس موقع پر سید زبیب مسعود احمد، رضاقادری، عمران قادری اور دوسرے نعت خوانوں نے اپنا کلام پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد لی،بعد ازاں صدر تقریب اور مہمان خصوصی نے جامع غوثیہ مہریہ سے حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے 8 طلباء کی دستار بندی کی،میزبان علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے تمام شریک مہمانوں کاشکریہ ادا کیا اور اس عزم کااظہار کیا کہ انکی دینی سماجی رفاعی خدمات یورپ سمیت پاکستان اور کشمیر میں بھی جاری رہیں گی۔محبوب خان چشتی اور انکے صاحبزادے،راجہ امیر کاظم چیئرمین یونین کونسل کونتریلہ، سینئر صحافی عبدالستار نیازی علاقہ بھر کی سیاسی سماجی وعوامی رہنماوُں تاجروں بنکاروں سول وعسکری شخصیات نے بھی بطور خاص پروگرام میں شرکت کی،آخر میں صدر تقریب سجادہ نشین گولڑہ شریف نے اختتامی دعا کرائی،بعد ازاں تمام شرکاء اور مہمانوں کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں