برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ایک لرزہ خیز قتل کیس کا فیصلہ سامنے آ گیا، جہاں عدالت نے سوتیلی ماں کے قتل کے جرم میں ایک نوجوان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
بریڈفورڈ کراؤن کورٹ میں ہونے والی سماعت کے مطابق 22 سالہ عبدالسمی نے 41 سالہ رضوانہ کوثر کو ان کے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل وراثت سے متعلق ویب سائٹس پر یہ تلاش کیا تھا کہ آیا قاتل مقتول کی جائیداد کا وارث بن سکتا ہے یا نہیں، جس سے قتل کی پیشگی منصوبہ بندی ثابت ہوئی۔
واقعے کے بعد عبدالسمی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے رضوانہ کوثر کو گھر کے باتھ ٹب میں بے ہوش پایا اور فوری طور پر ایمرجنسی سروس (999) پر کال کی۔ اس نے یہ موقف بھی اختیار کیا کہ گردن پر موجود نشانات سی پی آر دینے کے دوران دوپٹہ ہٹانے کی وجہ سے آئے۔
تاہم عدالتی کارروائی کے دوران پیش کیے گئے شواہد نے ملزم کے مؤقف کو مسترد کر دیا اور جیوری نے اسے قصوروار قرار دے دیا۔
عدالت نے عبدالسمی کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے حکم دیا کہ وہ کم از کم 14 سال اور 91 دن جیل میں گزارے گا۔
متوفیہ کی بھابھی مریم افضل نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ رضوانہ کوثر کی موت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور ان کا غم ہمیشہ محسوس کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے محض پیسوں کی خاطر ایک قیمتی جان لے لی اور اپنے جرم کو چھپانے کے لیے مسلسل جھوٹ بولتا رہا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.