129

بحریہ ٹاؤن فیز 4 میں نوجوان لڑکی کی پرسرار موت — خودکشی یا قتل؟


اسلام آباد (حماد چوہدری) بحریہ ٹاؤن فیز 4 کے 40 نمبر پلازہ میں آج ایک نوجوان لڑکی پانچویں منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کی نوعیت ابتدائی طور پر پرسرار بتائی جا رہی ہے، اور قتل یا خودکشی، دونوں پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ لوئی بھیر کے ایس ایچ او زاہد شاہ خود پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ایس ایچ او زاہد شاہ کے مطابق، جاں بحق ہونے والی لڑکی کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ گزشتہ پندرہ دن سے بحریہ ٹاؤن کے ایک فلیٹ میں مقیم تھی۔ یہ فلیٹ توقیر نامی لڑکے کے زیرِ استعمال تھا، جس کا تعلق کوٹ ادو سے بتایا جا رہا ہے۔پولیس اس پہلو پر بھی غور کر رہی ہے کہ آیا لڑکی نے خودکشی کی یا یہ قتل کا واقعہ ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، فلیٹ کے اندر موجود شواہد، اور موبائل ڈیٹا کی بنیاد پر تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔
یہ امر قابلِ تشویش ہے کہ بحریہ ٹاؤن میں اس نوعیت کے مشتبہ اور پرسرار واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں، جن میں کئی معاملات تاحال غیر حل شدہ ہیں۔ رہائشی حلقے انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں اور سیکیورٹی مؤثر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں یا لڑکی کے اہلِ خانہ سے رابطہ ممکن ہو تو فوری طور پر تھانہ لوئی بھیر یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔بحریہ ٹاؤن کے مکین اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حقیقت کو سامنے لا کر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں