ایم ٹیگ نہ ہونے پر طلبہ کو ہراساں نہ کیا جائے،ہائیکورٹ کا حکم

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف کیس میں انتظامیہ کو طلباء کو ریلیف دینے اور ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا ایم ٹیگ معاملہ پر طلباء کو رعایت دی جائے اور ہراساں نہ کیا جائے ۔ سٹیٹ کونسل عبد الرحمن انتظامیہ کی جانب سے اور ڈی ایس پی لیگل پولیس ساجد چیمہ پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے کہاکہ جب ہم سٹوڈنٹ تھے تو طلباء کے لیے ریلیف اور رعایت ہوا کرتی تھی۔

چیف جسٹس نے سٹیٹ کونسل سے کہاکہ عبد الرحمن صاحب یہ کیوں لگا رہے ہیں ایم ٹیگ؟ سٹیٹ کونسل نے کہا مائی لارڈ کچہری دھماکے کے بعد سکیورٹی کا مسئلہ تھا، اس واقعے میں موٹر سائیکل استعمال ہوا تھا جو بائیکیا کے ذریعے وہاں پہنچا تھا، سکیورٹی فول پروف بنانا مقصد تھا، انتظامیہ نے پالیسی بنائی کہ اسلام آباد داخلے کے وقت ایم ٹیگ ہونا چاہیے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ درست بات ہے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے اس میں کچھ مشکلات بھی آتی ہیں، مگر آپ طلباء کو ریلیف دیں، رعایت دیں۔ سٹیٹ کونسل نے کہا عدالتی ہدایات سے چیف کمشنر کو آگاہ کردوں گا، عدالت نے سٹیٹ کونسل کو انتظامیہ کا جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت6 اپریل تک ملتوی کر دی