اڈیالہ جیل نومولود بچوں کے لیے علیحدہ فیڈنگ روم تیار


راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)سنٹرل جیل اڈیالہ میں پیدا ہونیوالے نومولود بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے جیل انتظامیہ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق انتظامات مکمل کر لیے۔ جیل میں پہلی مرتبہ ماؤں اور ان کے بچوں کے لیے الگ ”فیڈنگ روم“تیار کر دیا گیا، ڈی آئی جی راولپنڈی جیل ریجن سعید اللہ گوندل تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، نومولود بچوں کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ہیٹنگ روم کا بھی بندوبست کر دیا گیا ہے، جیل میں بچوں کی تفریخ کے لیے ڈی وی ڈی پلیئر اور ایل ای ڈی بھی نصب کر دی گی، جیل ذرائع نے بتایا کہ اس وقت اڈیالہ جیل میں 26نو مولود بچے اپنی ماؤں کے ساتھ موجود ہیں، بچوں کی مائیں مختلف جرائم کی وجہ سے جیل میں بند ہیں، ایسی تمام مائیں جن کے بچے نومولود ہیں ان کے لیے جیل میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی معیار کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پنجاب پرزن رولز کے مطابق دودھ پینے والے ہر نومولود بچے کو روزانہ 467ملی لیٹر دودھ،29گرام چینی اور117گرام چاول دیئے جار ہے ہیں، ماؤں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے روزانہ 467ملی لیٹر خالص دودھ فراہم کیا جا رہا ہے، جیل ذرائع کے مطابق ایسے تمام کم عمر بچے جو ماؤں کا دودھ نہیں پیتے، ان کے لیے روزانہ سنیکس، بسکٹ، کینڈیز، پھل اور دیگر ضرروری اشیاء فلاحی اداروں کی مدد سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے 21دسمبر کو گرم کپڑے، جرسیاں، ٹوپیاں، جیکٹس اور سویٹر ز بھی فراہم کر دیئے ہیں، کم عمر بچوں کے لیے جیل میں کنڈرگارٹن سکول بھی قائم ہے جہاں سکول جانے والے بچے کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، جیل میں خواتین اور بچوں کی بیرکیں عام قیدیوں سے بلکل علیحدہ خواتین وارڈز میں ہے، جہاں مرد جیل اہلکاروں کے داخلے پر بھی پابندی ہے، خواتین کی بیر کوں میں صرف لیڈیز اہلکار تعینات ہیں جبکہ تمام رولز کی پابندی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جہاں ہر لمحے ریکارڈ نگ کی جار ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں