198

آپ کا ووٹ قوم کی امانت

مرزا ذوالقرنین مغل

ہم ٹی وی پر چلنے والے ایک ٹی وی ڈرامہ کے اس سین سے آغاز کرتے ہیں جس میں لڑکی کبریٰ خان اور لڑکا عاطف اسلم بلترتیب شہرزاد اور ہلمند کے کرداروں میں نظر آ رہے ہیں شہرزاد ہلمند سے کہتی ہے کہ میں نے آپ کی ایک تصویر لینی ہے جو میں اپنی سٹوری میں لگاؤں گی۔ ہلمن کا جواب سننے والا تھا ”اُس نے کہا کہ جب تک اپنی سٹوری میں اپنی تصویر نہیں لگاؤ گی تمہاری سٹوری کامیاب کیسے ہوگی“خیر بات بہت دور نکل جائے گی آج کل ہر طرف ایک ہی شور سنائی دے رہا ہے کہ الیکشن کی آمد آمد ہے۔ جی دوستو! میں بلدیاتی الیکشن کی بات کر رہا ہوں آپ نے بھی محسوس کیا ہوگا کہ کہیں کوئی شادی کی تقریب ہو یا کوئی جنازہ ہو۔ ایک مخصوص ٹولہ آپ کو الگ تھلگ ہی کھڑا نظر آئے گا جو کہ سیاسی بحث مباحثے میں مشغول ہوگا خیر یہ تو کوئی نئی بات نہیں ہے یہ تو ہر الیکشن میں ہوتا ہے دوستو! میں بات کو زیادہ طوالت نہیں دینا چاہتا لیکن کچھ باتیں جو ہمارے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتی ہیں ان کی طرف اشارہ ضرور کرنا چاہوں گا۔ ہر خاندان میں ایک ایسا آدمی ضرور ہوتا ہے جو سیاسی وابستگیوں میں جکڑا ہوتا ہے اور ہر سال ایک نئے بندے کو سپورٹ کر رہا ہوتا ہے اصل میں یہ خود بہت بڑا ”لوٹا“ ہوتا ہے جو اپنے ذاتی مفاد کے ساتھ ساتھ اپنے چند حواریوں کی جیبیں بھی گرم کروا لیتا ہے اور گاؤں محلے کی طرف سے اس سیاستدان کو یہ یقین دہانی کروا دیتا ہے کہ فلاں راجہ صاحب، چودھری صاحب، ملک صاحب، مرزا صاحب وغیرہ وغیرہ کے سارے گاؤں، محلے اور خاندان کے ووٹ آپ کو ہی پڑیں گے اور پھر ایک کارنر میٹنگ بلوا کر سب سے دعائے خیر بھی کروا لیتا ہے آخر کار کارنر میٹنگ کے بعد ہمارے بزرگوں کی طرح سب کے بڑے واپس گھر آتے ہی یہ اعلان فرما دیتے ہیں کہ پتر میں تو دعا خیر کر کے آیا ہوں اب ووٹ ”لوٹا“ صاحب کے بندے کو ہی دینی ہے۔ بیٹے بھی کہتے ہیں ٹھیک ہے ابا حضور جیسا آپ کا حکم۔ میرے قارئین آپ سب کو بخوبی پتہ ہے کہ ہر بار الیکشن میں ہمارے خاندانوں میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں جو ان”لوٹا“ صاحبان کا ہی کمال ہوتا ہے۔ دوستو! اب ہمیں اس بات کو سمجھنا ہوگا ووٹ آپ کا ذاتی حق ہے اور اسے امانت سمجھ کر استعمال کریں تاکہ کل آپ خود بھی مطمئن ہوں نہ کہ پشیمان و غمگین۔بات کو ختم کرتے ہیں اور ہلمند کی وہ بات کہ ”جب تک اپنی سٹوری میں آپ اپنی تصویر نہیں لگائیں گے تو سٹوری کامیاب کیسے ہوگی“ پر آتے ہیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں