180

اُمیدوار کی اہلیت

جمہوری طرزسیاست میں آزادی اظہار رائے کا مطلب ہی قانون کے دائرہ اختیار میں رہ کر آزادی کا حصول ہے جبکہ جمہوری حکومت کا اصل مقصد لوگوں کی فلاح وبہبود اور انکے معیارزندگی کو بہتر بنانے سے وابستہ ہے جس میں جہالت بھوک اورافلاس سے عوام کو چھٹکارہ دلانا اور عوام کی زندگی میں سہولیات پیدا کرنا ہوتا ہے سیاست دانوں کے لیے گفتگو میں شائستگی برقرا رکھنا اور تحمل مزاج ہونا بھی ایک لازمی شرط ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے سیاسی کلچر میں کامیاب اور نڈرسیاست دان اسی کو سمجھا جاتا ہے جو سیاست میں غیراخلاقی گفتگو اور دوسروں کی پگڑیاں اچھالے ایسے سیاست دانوں کا طرز عمل صرف جلسے جلوسوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ ٹی وی ٹک شوز اورپارلیمنٹ کے اندراجلاس کے دوران بھی بدتہذیبی کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے ایک دوسرے کی ذات پر کیچڑا اچھالنا اورگالم گلوچ کرنا اب ہمارے سیاسی کلچر کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے ہمارے ہاں سماجی اور عوامی سطح پر غیرمہذب گفتگو اور دوسروں پر لعن طعن کرنے پر مذمتی کلمات ادا کرنے کی بجائے خوب انجوائے کیا جاتا ہے کیونکہ ہم ایسے رویوں کے اب عادی ہوچکے ہیں اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ سیاست عوامی خدمت کا دوسرا نام ہے مگر موجودہ طرز سیاست میں سیاستدانوں کی گفتگو سے شریف النفس اور تعلیم یافتہ افراد ملکی سیاست کا حصہ بننے سے کتراتے ہیں تاہم اس سے زیادہ باعث تشویش بات یہ ہے کہ سیاست میں روز بروز غیرپارلیمانی زبان استعمال کرنے کا رحجان بڑھتا جارہا ہے اقتدار سنبھالنے کے بعد بہتر تو یہ ہے کہ عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دی جائے مگرکارگردگی دکھانے کی بجائے سیاسی مخالفین کی جانب سے ایک دوسرے پر لعن طن اور الزامات لگانے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اسی کھینچا تانی اورسیاسی کشمکش کے ماحول میں عوامی مسائل پس پردہ چلے جاتے ہیں اقتدار کی جدوجہد میں ہرسیاستدان کے لیے ثقافتی ومذہبی اقدار اورجمہوری روایات کی پاسداری کیساتھ دوسروں کی عذت نفس کا خیال رکھنا بھی اہم نقطہ ہے جبکہ اس سے بھی زیادہ اہم کسی معاشرے کا وہ حقیقی اخلاقی تشخص ہوتا ہے جس پرمعاشرے کی بنیادیں کھڑی ہوتی ہیں اس حوالے سے حسن اَخلاق کا مفہوم اپنے اندر بہت سے وسیع معانی سمائے ہوئے ہے اخلاقی روایات کی پاسداری اور جمہوریت میں عوام کی تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا ایک اچھے حکمران کی بنیادی خصلتوں میں شامل ہے تاہم ان اصولوں پر کاربند رہنا تو دور کی بات ہے ہمارے سیاسی کلچر میں انکے مدمقابل متضاد الفاظ کا چناؤ اور غیر شائستہ گفتگو کرنا ہمارے لیے زیادہ آسان ہے ملکی سیاست میں موجودہ دور میں اخلاقی اقدار روبہہ زوال ہیں دوسروں کی ذات پر کیچڑ اچھالنا اور عوامی اجتماعات میں برسرعام برا بھلا کہنے کی روایت اچھی نہیں وہ بھی ایسے دور میں جبکہ دنیا بھر میں میڈیا کی ترقی وترویج کے ذریعے براہ راست آپکی آواز دنیا کے طول وعرض میں سنی جارہی ہو اسلام میں سیاست اس عمل کوکہتے ہیں جس کے انجام دینے سے لوگ اصلاح سے قریب تر اورفسادسے دور ہوتے جائیں تاہم ہمارے ہاں سیاست کی تشریح کا پیمانہ کچھ اور ہے موجودہ دور کی گندی سیاست نے انتخابات اور ووٹ کو اتنا بدنام کردیا ہے کہ اب تو شریف لوگ سیاسی میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں جس ملک کی سیاست میں اخلاقی قدریں زوال کا شکار ہوں تو معاشرے پر اسکے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں سیاست ایک مقدس پیشہ ہے جسکی بنیاد ہی عوامی فلاح اور اخلاقیات پر رکھی گئی ہے مگر غیر شائستہ انداز گفتگو سے سیاست اب گندگی کا تالاب بن چکی ہے تاہم اسکا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ شرفاُ سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں جب تک باکردار اور اہل علم افراد سیاست میں
منفی لب ولہجہ سے آراستہ گفتگو کے جمود کو توڑنے کی بذات خود سعی نہیں کرینگے تو اس گندگی میں مزید اضافہ ہوتا چلا جائے گا اور نفرت کی بو سے ہرطرف تعفن پھیلے گا لہذا سیاست کے میدان میں انتخابی عمل کا حصہ بن کر اپنے اخلاق وکردار اور شائستہ گفتگو سے عوام کو اپنی طرف قائل کرکے انکے دل جیتنے کی کوشش کریں اور ملک وقوم کے مسائل حل کریں موجودہ طرزسیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی عمل کے زریعے ایسے باکردار نمائندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک لے کر آئیں جنکے دل میں احترام انسانیت اور ملک وقوم کی بہتری کا احساس ہو ہمارے عظیم مفکر علامہ محمد اقبال نے اپنے ایک لیکچر میں روحانی جمہوریت کا ذکر کیا تھا آپ مغربی طرز جمہوریت کے خلاف تھے اور چاہتے تھے کہ جمہوریت اسلام کے سنہری اصولوں اور اسلامی اخلاقیات پر مبنی ہوانہوں نے 28 مئی1937ء کو قائداعظم کے نام ایک خط میں تحریر کیا تھا کہ اسلام کے قانونی اصولوں کے مطابق کسی مناسب شکل میں سماجی جمہوریت کو قبول کرلینا کوئی انقلاب نہیں ہے بلکہ اسلام کی اصل روح کی جانب لوٹنا ہی حقیقی جمہوریت ہے اس و قت ہم ملک میں فیوڈل جمہوریت کے تماشے دیکھ رہے ہیں جمہوریت کا یہ ماڈل چونکہ اسلام کی روح اور اسکی تعلیمات کے مطابق نہیں ہے اس لیے یہ ماڈل ہمارے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مسلسل اضافہ ہی کرتا جارہا ہے لہذا انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدوار کی اہلیت جانچنے کے لیے انکا محب وطن با کردار بااخلاق اوردیانتدار ہونا بھی لازمی شرائط ہونی چاہیے تاکہ عوام کو انتخابات کے موقعہ پر ہر امیدوار کی اہلیت کو جانچنے پرکھنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں