اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد آنے والے مختلف داخلی راستوں کو بند کر دیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بھاری ٹریفک کو ٹیکسلا کے مقام پر ہی روک دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کی جانب جانے والی بڑی گاڑیوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے اندر چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے جس کے باعث روزمرہ سفر کرنے والے افراد، سرکاری و نجی ملازمین اور طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے دفاتر، اور ہسپتالوں تک پہنچنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ بعض افراد کو پیدل یا مہنگی نجی سواریوں کے ذریعے سفر کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد راستوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کی بندش کے حوالے سے واضح معلومات فراہم کی جائیں اور متبادل راستوں کا بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔
ادھر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی سفر سے قبل ٹریفک کی صورتحال سے آگاہی حاصل کر لیں۔