کلرسیداں (راجہ غلام قنبر)
گزشتہ دنوں اسلام آباد کچہری میں ہونیوالا خودکش حملہ میں وکلاء سمیت 12 شہری شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ خودکش حملہ آور مرکزی عمارت میں داخل ہونے میں ناکام ہوگیا تھا ۔ وفاقی دارالحکومت کے کچہری پر حملہ کے خلاف اور اسلام آباد بار سے اظہار یک جہتی کے لیئے کلرسیداں بار میں ہڑتال کی گئی اور قرار داد مذمت پیش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق
سیکرٹری بار ایسوسی ایشن راجہ سمیر حسن ایڈووکیٹ نے گہرے رنج و افسوس کے ساتھ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت مذمت کی ، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے سیکرٹری بار راجہ سمیر حسن نے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ملکی سلامتی اور عدالتی نظام پر ایک سنگین حملہ ہے۔
بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے حکومتِ وقت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سانحے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کی جائیں، اور اس بھیانک جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دی جائے۔
مزید برآں، بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتوں، بار ہالز، وکلاء کی پارکنگ اور عدالتی عملے کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات فوری طور پر کیے جائیں، تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وکلاء برادری کے تحفظ اور عدالتی عمل کے تسلسل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے، اور امن و امان کے قیام کے لیے ٹھوس، مؤثر اور پائیدار اقدامات کیے جائیں۔