19

اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)
پاکستان کے وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایران کے جوہری پروگرام پر مبینہ امریکی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے یکطرفہ اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں بلکہ مشرق وسطیٰ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے امن و استحکام کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔

ایک جاری بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے سفارتی ذرائع اور پرامن مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں کسی بھی ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام بنیادی اصول ہونا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش رکھنے والے ممالک کو چاہیے کہ وہ بات چیت اور تعمیری روابط کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں، نہ کہ حملوں یا طاقت کے استعمال جیسے اقدامات سے۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور خطے میں قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں