نیشنل پریس کلب پر پولیس حملے کے خلاف صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے نیشنل پریس کلب پر حملے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب پر حملہ ساڑھے 3 ہزار اراکین کے گھر کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا لائحہ عمل اختیار کریں گے کہ یہ حملہ تاریخ کا آخری حملہ ثابت ہو گا۔ اور اس کے بعد مستقبل میں کسی کی جرات نہیں ہو گی کہ کسی بھی پریس کلب پر ایسا حملہ کیا جائے۔
افضل بٹ نے کہا کہ آج حد ہو گئی جس طرح پریس کلب میں گھس کر تشدد اور توڑ پھوڑ کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ اگر کوئی نامزد ملزم بھی پریس کلب میں آتا ہے تو پولیس پریس کلب کے گیٹ پر کھڑے ہو کر اس کا انتظار کرتی تھی۔ لیکن آج پریس کلب کی انتظامیہ کو یہاں پریس کلب میں مارا گیا، پریس کلب کے عہدیداران پر تشدد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ ناقابل برداشت ہے۔ کوریج کے لیے موجود ویڈیو جرنلسٹس اور فوٹوگرافرز کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
صدر پی ایف یو جے نے کہا کہ اس بدترین واقعے کے خلاف کل جمعہ کو پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ اور نیشنل پریس کلب سمیت پاکستان بھر کے تمام پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ صحافی برادری پولیس رویئے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گی۔