اسلام آباد میں پولیس شہدا کی یاد میں پروقار تقریب، بلند درجات کے لیے دعا اور خاندانوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (حماد چوہدری)شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے — پاکستان پولیس کے عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج مورخہ 4 اگست کو نیشنل پولیس بیورو کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام AFIGP (ایسوسی ایشن آف فارمر انسپکٹرز جنرل آف پولیس) اور نیشنل پولیس بیورو کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔تقریب میں شہدا کی فیملیز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جنہیں تحائف پیش کیے گئے اور ان کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ اس موقع پر کئی اعلیٰ پولیس افسران اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سابقہ آئی جیز جناب افضل شگری (صدر AFIGP)، سید کلیم امام (سیکریٹری جنرل AFIGP)، احسان غنی، خالد قریشی، شاہد ندیم بلوچ، طارق مسعود یاسین، ظفر اقبال اعوان، خالد محمود ملک، سعود گوہر، کیپٹن عطا، ڈاکٹر مجیب الرحمان، سید ارشاد حسین شاہ اور کیپٹن زبیر شامل تھے۔ اس کے علاوہ معروف پولیس افسران جمیل ہاشمی، سابق ایس ایس پیز زبیر شیخ، اور دیگر اہم شخصیات جیسے زاہد مقبول (سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس) اور نعیم چوہدری (سی ای او سیور فوڈز) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شہدا کے اہل خانہ کو تحائف بھی پیش کیے۔اس تقریب کے روحِ رواں آئی جی سید کلیم امام تھے، جنہوں نے شہدا کی قربانیوں کو قوم کا فخر قرار دیا اور ان کے اہلِ خانہ کے حوصلے اور صبر کو سراہا۔آخر میں شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ ہمارے شہدا کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے، آمین۔