اسلام آباد دھماکہ سے منسلک تمام لوگوں کو پکڑ لیا،محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہناہے کہ اسلام آباد خودکش دھماکے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا،حملے کی منصوبہ افغانستان میں ہوئی اور بھارت ان دہشت گردوں کے پیچھے ہے ، جو فنڈنگ کرتا اور ٹارگٹ دے رہاہے ۔ ایک دن ساری دنیا بولے گی کہ دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے ،حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اوروہ زیرحراست ہے ، واقعہ سے منسلک تمام لوگوں کو پکڑ لیا ،پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے گئے ، خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان ،ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اسلام آباد خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 4سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، چھاپوں کے دوران ایک اے ایس آئی شہید ہوا، جبکہ ہسپتال میں داخل دھماکے کے زخمیوں میں سے ایک اور شہری شہید ہوگیا جس سے شہد اکی تعداد 33ہوگئی،شہید ہونیوالوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس اورسیف سٹی اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ خودکش حملے میں معاونت کرنیوالے چار افراد کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیاگیا،جن میں سے ایک حملے کا مرکزی منصوبہ ساز ہے ۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں بشمول اسلامی اسٹیٹ (داعش)کو مالی معاونت میں کئی گنا اضافہ کیااوراس مقصد کیلئے مختص خفیہ بجٹ 3 گنا کر دیا ہے ، جو دہشت گرد 500 ڈالر وصول کر رہا تھا اب وہ 1500ڈالر لے رہا ہے ۔