راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)باخبر زرائع کے مطابق راولپنڈی کے موضع کھنہ کاک میں محکمہ مال کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کی اراضی کی جعلی منتقلی کے سکینڈل میں تین رکنی انکوائری کمیٹی نے اپنی انکوائر ی مکمل کرلی ہے۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی میں ایڈیشنل کمشنر بندوبست اور ایڈیشنل کمشنر ریونیو ممبرز تھے۔
کمیٹی نے اپنی سفارشات میں نائب تحصیلدار آصفہ کرن کو الزامات کازمہ دار قرار دیتے ہوئےسخت سزا( میجر پینلٹی) پیڈا ایکٹ کے تحت نوکری سے برطرفی کی سفارش کی ہے۔کمیٹی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی نبیل ریاض سندھو اور اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر سٹی حاکم خان کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی سفارش کی ہے۔کمیٹی نے گرداور حلقہ نوید ملک کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی سفارش کی ہے۔
کیونکہ گرداور نے 20مئی2023کی حلقہ پٹواری کی رپورٹ کی تصدیق کی ہوئی ہے۔حلقہ پٹواری ساجد کو پہلے ہی انکوائری کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت برطرف کیا جاچکا ہے۔جبکہ تقریبا67کنال کا رقبہ جس کا ملی بھگت سے انتقال کیا گیا تھاوہ بھی منسوخ کیا جاچکا ہے۔زرائع کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو پیش کی جاچکی ہے