چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود مرتضیٰ اور ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ (ایم پی اینڈ ٹی ای) ڈائریکٹوریٹ کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ترجمان آر ڈی اے نے بتایا کہ آر ڈی اے پہلے ہی چکری روڈ پر دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میویڈا سٹی اور عبداللہ سٹی کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) درج کرا چکا ہے۔ ان کی طرف سے کوئی بھی اشتہار لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے۔ آر ڈی اے نے تین اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرا دی ہیں جن میں بجٹ ایگرو فارمز اور کنٹری سائیڈ فارمز چک بیلی روڈ راولپنڈی اور کلیام سٹی روات راولپنڈی ہیں۔ عوام الناس کو یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ گرین لیک سٹی جعلی ہاؤسنگ سکیم اور ان کی طرف سے سوشل میڈیا پر اشتہارات دیے جا رہے ہیں۔ آر ڈی اے نے سبھی کو متنبہ کیا ہے کہ آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں ہاؤسنگ سکیموں، اپارٹمنٹ پراجیکٹس، کمرشل عمارتوں وغیرہ کو شروع کرنے کے لیے آر ڈی اے سے مطلوبہ این او سی حاصل کیے بغیر، اشتہاری ایجنسیوں کے ذریعے ایسے منصوبوں کی ہر قسم کی تشہیر، مارکیٹنگ وغیرہ غیر قانونی ہیں۔ لہذا آر ڈی اے عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیتا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں کوئی سرمایہ کاری نہ کریں۔ مزید برآں، ڈی جی آر ڈی اے کی ہدایت پر ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ نے سپانسرز کے لیے آگاہی پروگرام کا اعلان کیا ہے کہ وہ پرنٹ/سوشل میڈیا پر اپنی غیر منظور شدہ/غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ کو روکیں اور قانون کے مطابق سکیم کی این او سی/منظوری حاصل کرنے کے لیے آر ڈی اے سے رابطہ کریں۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے کہا کہ ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے ایف آئی اے اسلام آباد، سائبر کرائم اسلام آباد، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اسلام آباد، ایس این جی پی ایل اسلام آباد، ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی، ضلع کونسل راولپنڈی، پیمرا اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کوسوشل میڈیا، واٹس ایپ، یوٹیوب اور انٹرنیٹ سہولت کی دیگر ایپس پر نجی ہاؤسنگ سکیموں کے اشتہارات کے بارے میں درخواست/معلومات کے ساتھ خطوط بھیجے ہیں انہوں نے کہا کہ کچھ مالکان / ڈویلپرز نے غلط طور پر دو ٹوک بات کی کہ انہیں آر ڈی اے سے این او سی مل گیا ہے۔ اس کی تصدیق یوٹیوب پر ان کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو کلپس سے کی جا سکتی ہےانہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں اور بکنگ آفسز کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں
