99

آئندہ دنوں میں شہریوں کو تین تھیلے یکمشت دیئے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع میں جن شہریوں کو آٹے کا ایک 10 کلو کا تھیلا مل چکا ہے انکو دو مذید آٹے کے تھیلے یکمشت فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور فلور ملز کو آٹے کی سپلائی بڑھانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں تاکہ آئندہ دنوں میں شہریوں کو آٹے کے تین تھیلے یکمشت ہی بلامعاوضہ فراہم کر دیئے جائیں۔یہ بات انہوں نے ڈبل روڈ پر قائم مفت آٹا سپلائی کے میگا پوائنٹ کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ پانچ رمضان المبارک تک راولپنڈی ضلع میں 10 کلو آٹا کے دو لاکھ بیگ شہریوں کو فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ ضلع بھر پانچ لاکھ شہریوں کو 10 کلو آٹے کے تین بیگ فراہم کرنے کا ٹارگٹ ہے جسے 25 رمضان تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں 132 فلور ملز آٹا سپلائی کر رہی ہیں اور انتظامیہ کوشش کر رہی ہے کہ ان فلور ملز کی پیدوار میں مزید اضافہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کی خصوصی ہدایت پر مزید افراد کی بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد مفت آٹا پروگرام سے مستفید ہو سکیں اور اس سلسلے میں میگا پوائنٹس پر بنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کاؤنٹر بھی قائم کئے گے ہیں۔حسن وقار چیمہ نے کہا کہ مفت آٹا سکیم کے آٹا کی کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور جو فلور مل آٹے کی کوالٹی کے حوالے سے سمجھوتا کرے گی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں فلور ملز کی پیدوار بڑھانے کیلئے اہم اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مفت آٹا سکیم سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں انکو آٹے کی بلامعاوضہ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں